(لاہور: سابق قومی کپتان شاہد آفریدی نے روڈ ٹو ایجوکیشن کے عنوان سے نئے فلاحی پراجیکٹ کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت لڑکیوں کی تعلیم عام کرنے کے ساتھ ملکی ترقی کیلئے نوکریوں کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے۔ سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان کے ساتھ پریس کانفرنس میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ سری لنکا میں تمام تر مسائل کے باوجود تعلیم عام کی گئی اور انہوں نے بھی قوم کی بچیوں کیلئے تعلیم کو عام کرنے کا پلان بنایا ہے جن کو بہترین تعلیمی نتائج کے حصول پر بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کیلئے اسپانسر شپ بھی فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اجتماعی کوششوں سے سب مل کر پاکستان کو کافی کچھ دے سکتے ہیں اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے دروازے ہر ایک کیلئے کھلے رہیں گے ۔اس پراجیکٹ کے برانڈ ایمبیسڈر شاہد آفریدی کے مطابق 21 اکتوبر سے یہ پراجیکٹ ملتان میں شروع کیا جائے گا۔