تازہ ترین

شاہی قلعے میں مزید پوشیدہ تعمیرات اور مٹی کے برتنوں کی باقیات دریافت

شاہی-قلعے-میں-مزید-پوشیدہ-تعمیرات-اور-مٹی-کے-برتنوں-کی-باقیات-دریافت

قدیم دور کی دیوار ،چبوترہ اورمٹی کے برتنوں کے ٹکڑے ملے ، ایک ہی مقام پر اتنا بہت کچھ کم ہی دیکھا :فرانسیسی ماہر مغلوں کے ساتھ ساتھ برطانوی دور میں کی جانیوالی تعمیرات بھی موجود ہیں جن کے کچھ حصے سامنے آئے : ڈائریکٹر کنزرویشن لاہور: لاہور کے شاہی قلعے میں اکبری حمام سے ملحقہ متعدد مزید پوشیدہ تعمیرات اور سینکڑوں برس پرانے برتنوں کی باقیات دریافت ہو گئیں۔قدیم دور کی دیوار ملی ہے جس کے بارے میں قیاس کیا جا رہاہے کہ یہ بادشاہوں کا داخلی راستہ ہو گا جسے بعد میں ختم کر دیا گیا ،اس کے علاوہ ایک چبوترہ اورمٹی کے برتنوں کے ٹکڑے ہیں ۔ملکی ماہرین غیرملکی ماہرین کی معاونت سے گتھیاں سلجھانے میں مصروف ہیں۔ دنیا میں شاید ہی لاہور کے شاہی قلعے جیسا کوئی دوسرا مقام ہو جہاں متعدد بادشاہوں کے ادوار میں کی گئی تعمیرات ایک ہی جگہ پر ملتی ہوں۔ اکبری دور میں قلعے کو مضبوط بنیادوں پر تعمیر کیا گیا تو اُس کے بعد شاہ جہاں اورجہانگیر نے اِس میں مزید توسیع کی۔ دیگر مغل بادشاہوں کے بعد سکھوں اور انگریزوں کے ادوار میں بھی یہ سلسلہ جاری رہا ۔ اِس حوالے سے فرانسیسی ماہرآثار قدیمہ سٹیفن پریڈینزنے روزنامہ دنیا کو بتایا متعدد ادوارکے دوران کی گئی تعمیرات کے باعث شاہی قلعہ بہت منفرد ہے ۔ اُن کا کہنا تھا اُنہوں نے متعدد دیگر ممالک میں بھی آثار قدیمہ پر کام کیا ہے لیکن ایک ہی مقام پر اتنا بہت کچھ کم ہی دیکھا ہے ۔ شاہی قلعے میں عرصہ پہلے اکبری دور میں تعمیرکیا گیا حمام سامنے آیا تھا۔اِس کا سراہاتھ لگنے کے بعد اب اِس سے ملحقہ رقبے کی کھدائی شروع کردی گئی ہے جس دوران سینکڑوں سال استعمال کئے جانیوالے مٹی کے برتنوں کی باقیات سامنے آئی ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ بہت اہم دریافت ہے ۔ ماہر آثار قدیمہ اور والڈسٹی لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر کنزرویشن نجم الثاقب نے بتا یا ممکنہ طور پر یہاں پر مغلوں کے ساتھ ساتھ برٹش دور میں کی جانیوالی تعمیرات موجود ہیں جن کے کچھ حصے سامنے آگئے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں