تازہ ترین

شدت پسند سوچ قوم پر مسلط نہیں ہونے دینگے، وزیراعظم، دشمن پاکستان کا بال بیکا نہیں کرسکتا، آرمی چیف

شدت-پسند-سوچ-قوم-پر-مسلط-نہیں-ہونے-دینگے،-وزیراعظم،-دشمن-پاکستان-کا-بال-بیکا-نہیں-کرسکتا،-آرمی-چیف

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سانحہ اے پی ایس کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کے خون اور قربانی نے ہر قسم کی انتہاء پسندی‘ دہشت گردی، تشدد اور نفرت کے خلاف قوم کو متحد کیا ہے‘ کسی بھی قسم کی شدت پسند اور متعصبانہ سوچ کو قوم پر مسلط ہونے نہیں دیں گے۔ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ عسکریت پسندی کی سوچ کو ملک میں پروان نہیں چڑھنے دیاجائے گا اور قوم کو اس مکروہ سوچ کا یرغمال نہیں بننے دیں گے جبکہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا‘ بطور قوم ہم نے دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے طویل سفر طےکیا ہے‘ ہم متحد ہو کر پاکستان کے دیرپا امن اور ترقی کی جانب گامزن ہیں‘پاکستان کو دھمکانے والی بیرونی قوتوں کو پیغام دیتا ہوں کہ جب تک ہمارے پاس ایسے والدین اور بچے ہیں کوئی دشمن اس ملک کا بال بیکا نہیں کرسکتا۔   پیر کو سانحہ اے پی سی کے پانچ سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہداء اور اس سانحہ میں بچ جانے والوں کے لئے دعاگو ہیں۔  انہوں نے کہا کہ جہاں آج ہم اپنے ان شہداءکو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں وہیں اپنی مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔  دریں اثناءچیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کو 5 برس مکمل ہونے پر کہا ہے کہ اس سانحہ کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کےبیان کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس میں ملوث 5 دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں کے ذریعے پھانسی دے دی گئی۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں