لاہور:گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں حکومت ترجمان اور وزیراعظم عمران خان کے مشیر شہباز گل پر انڈے اور سیاہی پھینکنے کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران ن لیگ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تاہم اب ان کی ایک تصویرسوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں ان کی آنکھ پر پٹی بندھی ہوئی ہے ۔ سیاہی گرنے سے شہباز گل کی آنکھ میں انفیکشن ہو گیاہے، انہوں نے میو ہسپتال کا دورہ کیا اور اپنی آنکھ کا چیک اپ بھی کروایا ۔شہباز گل کا کہناتھا کہ ن لیگی کارکنو ںنے ان کی آنکھ میں سیاہی پھینکی جس میں کیمیکل شامل تھے اور ان کی وجہ سے آنکھ میں انفیکشن ہو گیاہے ۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز شہباز گل لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے طلب کیے جانے پر پیش ہوئے اور اس موقع پر ایک لیگی کارکن نے ان پر دو انڈے پھینکے جبکہ ایک نے سیاہی پھینکی جو کہ ان کے ماتھے پر لگی اور بہتی ہوئی آنکھ میں چلی گئی ۔ان کے ساتھ موجود پی ٹی آئی کارکنان نے ن لیگی کارکن کو پکڑ لیا اور شدید تشددکا نشانہ بنایا ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ کچھ دن قبل احسن اقبال کے سر پر جوتا ، مصدق ملک کو تھپڑ اور ن لیگ کی خاتون رہنما مریم اورنگیزیب کو ٹانگ ماری گئی تھی جس پر ن لیگ کی جانب سے شدید رد عمل دیکھنے میں آیا تھا ۔