تازہ ترین

شہرکیلئے جوبھی کام کریگا خوش آمدید کہیں گے ،وزیر بلدیات

شہرکیلئے-جوبھی-کام-کریگا-خوش-آمدید-کہیں-گے-،وزیر-بلدیات

عمران خان ہمارے بھی وزیراعظم،کراچی کیلئے 162 ارب کے اعلان پر عمل نہیں ہوا،ناصر حسین روٹری کلب جس پارک کو لینا چاہے حکومت سے رابطہ کرے ، عشائیے سے خطاب کراچی : صوبائی وزیر بلدیات و جنگلات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ شہر کی بہتری کے لیے پی ٹی آئی سمیت جو بھی کام کرے گا اسے خوش آمدید کہیں گے، ملکی ترقی میں کراچی کا اہم کردار ہے ،عمران خان ہمارے بھی وزیر اعظم ہیں انہوں نے کراچی کیلئے 162 ارب روپے کا اعلان کیا تھا تاہم تاحال عملدرآمد نہیں ہوا ہے، اس بارے میں ہم یاد دہانی کراتے رہیں گے ۔ وہ مقامی ہوٹل میں روٹری کلب آف پلاٹینیم کراچی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ظفر احسن ،ڈاکٹر فاروق ستار، صدر روٹری کلب رضوان آدھیا اور سیکریٹری نورین خان نے بھی اظہار خیال کیا ۔ ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ پارٹی چیئرمین کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ اور ان کی ٹیم شہر کو اضافی پانی کی فراہمی ،صفائی ستھرائی اور کچرا ٹھانے جیسے ایشوز پر ہنگامی بنیاد پر کام کررہی ہے ، سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتے ہیں،کراچی کے لئے 2030 تک ماسٹر پلان اتھارٹی قائم کی جارہی ہے ،جس پر سب کو آن بورڈ لیں گے ،ایس بی سی اے کی گورننگ باڈی میں میئر کراچی کو بھی شامل کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے ڈی اے اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں عوام کے جائز کاموں میں رکاوٹ ڈالنے والے افسران کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے روٹری کلب پر زور دیا کہ وہ جس پارک، اسکول یا گراؤنڈ کو لینا چاہے اس کیلئے حکومت سے رابطہ کرے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں