تازہ ترین

شہر اور کینٹ میں گیس کا بحران سنگین،شدید سردی میں صارفین اذیت سے دوچار

شہر-اور-کینٹ-میں-گیس-کا-بحران-سنگین،شدید-سردی-میں-صارفین-اذیت-سے-دوچار

راولپنڈی : شہر اور کینٹ کے مختلف علاقوں میں گیس کا بدترین بحران شدت اختیار کر گیا۔ حکام کی ناقص حکمت عملی کے باعث سردی کے جوبن پر پہنچتے ہیں شہریوں کے گھروں میں چولہے ٹھنڈے ہو گئے۔ متعدد علاقوں میں سرے سے گیس آنا ہی بند ہو گئی اور اگر کبھی گیس جھلک دکھلا بھی دے تو اس کا پریشر اتنا کم ہوتا ہے کہ کھانا پکانا تو درکنار چائے بنانا بھی محال ہوتا ہے۔ حکام غیر قانونی کمپریسرز کیخلاف کارروائی کرنے میں بھی ناکام ہو گئے۔ شہریوں نے وزیراعظم عمران خان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مس مینجمنٹ اور ناقص حکمت عملی کا نوٹس لیا جائے اس سے قبل وزارت توانائی حکام نے اکتوبر میں کہا تھا کہ موسم سرما کو گیس لوڈشیڈنگ فری بنانے کا پلان تیار کر لیا گیا ہے لیکن گھریلو صارفین کی موجودہ صورتحال دیکھتے ہوئے یہ دعویٰ قطعاً پورا ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں گیس غائب ہو چکی ہے یا پریشر زیرو پر آ چکا ہے لیکن حکام کی طرف سے کوئی عملی اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ بعض علاقوں میں شہریوں کی جانب سے لگائے گئے غیرقانونی کمپریسرز کی وجہ سے پوری آبادی کا حق سلب کیا جا رہا ہے۔ پیرودھائی، ویسٹریج بازار، ویلی روڈ، خیابان سرسید، ٹنچ بھاٹہ، بکرا منڈی، کمال آباد، ملتانی محلہ، ڈھوک سیداں، چکری میڈیا ٹائون میں صورتحال چند روز بہتر رہنے کے بعد پھر پہلے جیسی ہو گئی ہے اور گزشتہ روز گیس کا پریشر انتہا ئی کم رہا ۔صارفین کا کہنا ہے کہ گیس بندش کے باعث ان کیلئے ناشتہ اور کھانا بنانا بھی مشکل ہو چکا ہے۔ میڈیا ٹائون صارفین کے مطابق پی ڈبلیوڈی تک کے علاقے میں گیس فراہمی کی صورتحال بہتر ہے مگر ان کا علاقہ گیس کے کم پریشر کا شکار ہے۔ دھمیال روڈ اشرف کالونی کے صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں تین سال سے گیس پریشر میں اضافہ کی نوید سنائی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے بینک کالونی کے مقام پر حیال سے آنے والی نئی مین لائن جوڑنے کا کام باقی ہے لیکن اس لائن کو نادیدہ دبائو پر نہیں جوڑا جا رہا جس سے دھمیال روڈ سے ملحقہ آبادیاں بدستور بحران کا شکار ہیں۔ ادہر گیس بحران سے فائدہ اٹھا کر ایل پی جی سلنڈروں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ان کیلئے لکڑیاں جلانا بھی محال ہو چکا ہے جن کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے ۔ صارفین نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ ظالمانہ نئے سلیب واپس لیکر شہریوں کیلئے گیس کی بنیادی ضرورت کو فی الفور پورا کیا جائے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں