تازہ ترین

شہر میں پانی،سیوریج، صفائی، ٹرانسپور ٹ ،ہر ضرورت زندگی ناپید ہے، میئر

شہر-میں-پانی،سیوریج،-صفائی،-ٹرانسپور-ٹ-،ہر-ضرورت-زندگی-ناپید-ہے،-میئر

کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ حالات ایسے ہی رہے تو ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ چلیں یا نہیں ہمارے لوگ مشکل میں ہیں یہاں پانی،سیوریج، صفائی، عوامی ٹرانسپورٹ سمیت ہر ضرورت زندگی ناپید ہے،ہمارے شہر کے مسائل حل نہیں ہو رہے وفاقی حکومت میں اسی لئے شامل ہوئے تھے کہ شہریوں کے مسائل حل ہوں مگر اس میں پیشرفت نہیں ہو رہی، میئر کراچی کے ہاتھ باندھ دیئے گئے ہیں کہ دو کروڑ روپے سے زیادہ کوئی منصوبہ بنا ہی نہیں سکتا، شہریوں کی بنیادی ضروریات فراہم کرنے کا اختیار بنیادی اداروں سے لے کر سندھ حکومت نے اپنے پاس رکھ لیا اور نہ خود کام کرتے ہیں نہ کرنے دیتے ہیں تو مسائل کیسے حل ہوں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ’’کے ایریا‘‘ میں سڑک کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کرنے کے بعد شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر رکن رابطہ کمیٹی زاہد منصوری اور دیگر منتخب نمائندے بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں مسائل تیزی سے بڑھ رہے ہیں بلدیاتی اداروں کے پاسوسائل نہیں ہیں کہ ان مسائل پر قابو پایا جاسکے، کراچی کے عوام گزشتہ 12 سال سے مشکلات کا شکار ہیں، شہر کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا، بلدیاتی اداروں کو جو اختیارات دیئے گئے ہیں ان میں تو کسی ایک یونین کونسل کا سیوریج نظام بھی درست نہیں ہوسکتا، شہریوں کے مسائل کے حل سے متعلق ہمارے محکمے جو حکومت سندھ کے کنٹرول میں ہیں درست کام نہیں کر رہے، ہم وفاقی اور سندھ حکومت کا انتظار کررہے ہیں، مگر صاحب اختیار لوگوں نے کراچی کو لوٹ کا مال سمجھ لیا ہے، ساڑھے تین سو ارب روپے ٹیکس دینے والے اس شہر کے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، کم وسائل میں چھوٹے چھوٹے مسائل حل کررہے ہیں، آج ’’کے ایریا‘‘میں سڑک کی تعمیر سے علاقہ مکینوں کا دیرینہ مسئلہ حل کیا ہے،انہوں نے کہا کہ اب رابطہ کمیٹی کو فیصلہ کرنا ہوگا، ایم کیو ایم ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرائے گی انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ متحد ہوجائیں۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں