تازہ ترین

شہر میں پینے کے صاف پانی کا حصول مشکل ہو گیا

شہر-میں-پینے-کے-صاف-پانی-کا-حصول-مشکل-ہو-گیا

ضلعی انتظامیہ نے فنڈز کی عدم دستیابی پر90واٹر فلٹریشن پلانٹس چلانے کی ذمہ داری مخیر حضرات کو دی ،ناکامی پرایم سی کے سپرد،18 پلانٹ تاحال بند، شہری پریشان ملتان: شہر میں پینے کے صاف پانی کا حصول شہریوں کیلئے درد سر بن گیا،ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام چلنے والے 90 واٹر پلانٹس میں سے 28 سے زائد پلانٹس بند ہو گئے واسا کے زیر انتظام چلنے والے 86 میں سے 18 واٹر پلانٹس بند پڑے ہیں، ضلعی انتظامیہ نے فنڈز کی عدم دستیابی پر واٹر فلٹریشن پلانٹس چلانے کی ذمہ داری مخیر حضرات کو دی لیکن ناکامی پر 90 واٹر فلٹر پلانٹس کو میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے سپرد کر دیا گیا لیکن پھر بھی بند پلانٹس کو نہ چلایا جا سکا اورواسا کے زیر انتظام چلائے جانیوالے 86 واٹر پلانٹس میں سے 18 بند پڑے ہیں بیشتر واٹر پلانٹس کی ٹوٹیاں بھی نشے کے عادی افراد چرا کر لے گئے لیکن انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ تعلیمی اداروں کے واٹر پلانٹس میں بھی بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی اور مشینری کی مر مت کا کام نہ ہونے کے باعث یہی صورتحال ہو چکی ہے جس سے شہریوں کی بڑی تعداد پینے کا صاف پانی میسر نہ آنے پر پریشان ہے شہر کا زیر زمین پانی بھی پینے کے قابل نہیں ہے واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری کے مطابق شہر کے متعدد علاقوں میں زیرزمین پانی میں آرسینک اور ٹی ڈی ایس کا لیول خطرناک حد تک پہنچ چکا ہے جس کے باعث زیر زمین پانی پینے کے قابل نہیں رہا۔کمشنر نے بند پلانٹس کو چلانے کے احکامات واسا حکام کو دے دئیے ہیں اسی لیے واسا نے بند پلانٹس کے حصول کیلئے کارپوریشن کو تحریری مراسلہ دے کر ضلعی انتظامیہ سے ان پلانٹس کو چلانے کیلئے تقریبا تیس لاکھ روپے مانگ لیے ہیں جس کا جواب موصول نہ ہونے پر بند پلانٹس کو چلانا واسا کیلئے بھی مشکل ہو گیا ہے ایم ڈی واسا کیمطابق محکمے کو اس وقت فنڈز کی شدید کمی کا سامنا ہے جس کے باعث بند پلانٹس کی مرمت اور ان کو چلانے کیلئے ضلعی انتظامیہ سے فنڈز کی درخواست کر دی ہے ۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں