276 گرین بیلٹس بھی عوام کے استعمال میں لانے کا فیصلہ،باغ جناح ،جیلانی پارک ، گلشن اقبال ،گریٹر اقبال اور نیشنل پارک کلمہ چوک کیلئے ایس او پیز تیار کئے جارہے ہیں پارکوں میں پلے لینڈز تاحکم ثانی بند رکھنے اورجاگنگ ،ورزش کیلئے آنے والوں کو داخلے کی اجازت دینے کی تجویز، ماسک پہننا لازمی ،ہینڈ سینی ٹائزرز ،بیسن لگائے جائینگے لاہور : پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی نے شہر میں مختلف مقامات پر لاک ڈاؤن کے باعث بند چھوٹے اور بڑے 828 پارکوں اور 276 گرین بیلٹس کو عوام کے لیے کھولنے کی تیاری کر لی۔ سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ہی ایس او پیز کے مطابق پارکوں کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ پی ایچ اے کی حدود میں واقع 828 پارکوں کو تو کھول دیا جائے گا مگر شہر کے پانچ بڑے پارکوں کے لیے خصوصی طور پر ایس او پیز کی تیاری شروع کر دی گئی۔ باغ جناح، جیلانی پارک ، گلشن اقبال پارک ،گریٹر اقبال پارک اور نیشنل پارک کلمہ چوک کے لیے خصوصی طور پر ایس او پیز تیار کئے جارہے ہیں۔پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی میں پارکوں کو کھولنے سے متعلق مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔افسروں کی جانب سے رائے دی گئی ہے کہ پہلے مرحلے میں پارکوں میں جاگنگ اور ورزش کے لیے آنے والوں کو ریلیف دیا جائے ،بچوں کے پلے لینڈز کو تاحکم ثانی بند رکھا جائے ، پارکوں کے داخلی و خارجی راستوں پر کورونا وائرس سے متعلق آگاہی دی جائے ،داخلی راستوں پر جراثیم کش ہینڈ سینی ٹائزر زلگائے جائیں،ہاتھ دھونے کے لیے بیسن کا انتظام کیا جائے جبکہ پارکوں میں آنے والوں کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا جائے ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پی ایچ اے کی جانب سے پارکوں کو کھولنے کے لیے محکمہ صحت سے ایڈوائزری لی جائے گی جس کی بنیاد پر بھی ایس او پیز تیار کئے جائیں گے ۔