صوبائی امیر محمد جاوید قصوری نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اظہر امین کو کٹس دیں شیخوپورہ: جماعت اسلامی کے صوبائی امیر محمد جاوید قصوری نے ضلعی امیر حاجی عاشق حسین کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر اظہر امین کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی کٹس دیں، اس موقع پر عمران کوروٹانہ ، میاں مقصود احمد، اسد اﷲ و دیگر بھی موجودتھے ، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی امیر جماعت اسلامی محمد جاوید قصوری نے کہاکہ آج حالات کا تقاضا ہے کہ ہم ہر قسم کی مصلحتوں سے بالاتر ہوکر مخلوق خدا کی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہوکر کام کریں اور آج ہر فرد کو اپنا کردارادا کرنیکی ضرورت ہے ،مخیر حضرات اپنے آس پاس کے مزدور، نادار، غریب ،مجبور لوگوں کی خدمت کو اولیت دیں جبکہ رفاہی تنظیمیں اپنے ذمہ کا کردارادا کریں اور حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات کرے ۔ جاوید قصوری نے کہاکہ وائرس ایسی وبا ہے جس سے ہم ایک دوسرے کیساتھ کھڑے نہیں ہوسکتے مگر ڈاکٹرز ،پیرا میڈیکل سٹاف فرنٹ لائن پر موت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کام کررہے ہیں۔