اس علم پر تحقیق یونیورسٹی کو بین الاقوامی شہرت عطاکرے گی ،وائس چانسلر ملتان : بہاؤالدین زکریایونیورسٹی ملتان میں زیرتعمیر بائیو ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے پراجیکٹ کا وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے معائنہ کیا اور پراجیکٹ پر کام کرنے والے ٹھیکیدار اور مزدوروں کو کورونا کے حوالے سے چیک کیا ، بعد ازاں فیکلٹی ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے کہا کہ یہ صدی تیزی سے پھیلتے ہوئے علوم کی ہے اور ماہرین اس وقت یہ کہہ رہے ہیں کہ اس صدی میں سب سے بڑا علم بائیو ٹیکنالوجی کا ہوگا جو نہ صرف یہ کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرے گا بلکہ مختلف علوم کو جوڑ کر ایک نیا علمی سرمایہ مہیا کرے گا۔ مجھے خوشی ہے کہ ہماری یونیورسٹی نے بروقت اس علم کا شعبہ کھولا جو بعد میں مرکز بن گیا اور میں امید کرتا ہوں کہ یہاں اس علم کے حوالے سے ہونے والی تحقیق اس یونیورسٹی کو بین الاقوامی شہرت عطاکرے گی۔