بین الاقوامی تجارت بند ہونے سے اربوں روپے کے آرڈر کینسل ہوچکے وزیر اعظم قرضوں کی ادائیگی کے حوالے سے ریلیف دیں ،سید ضیا علمدار حکومت ایکسپورٹرز کے قرضوں پر شرح سود میں کمی لائے ،رضوان اشرف فیصل آباد: ٹیکسٹائل کنگ کے صنعتکاروں نے وزیراعظم کے اعلان کردہ ریفنڈز کی ادائیگی کے پیکیج کو ناکافی قرار دے دیا ، کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی تجارت بند ہونے سے صنعتکاروں کے اربوں روپے کے آرڈر کینسل ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے صنعتکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، صنعتکار کہتے ہیں حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے مزدوروں کے لئے ریلیف پیکیج کا اعلان کررکھا ہے جو انتہائی خوش آئند ہے جبکہ یورپ اور امریکہ کے ساتھ بارڈرز بند ہونے کی وجہ سے تجارت بند ہونے سے انکے اربوں روپے کے آرڈر کینسل ہوچکے ہیں اور کروڑوں روپے کا مال مختلف ممالک کی بندرگاہوں پر موجود ہے جس کی وجہ سے انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا کرناپڑ رہا ہے ، ایکسپورٹرز کا مزید کہنا ہے کہ ریفنڈز کی ادائیگی کے لئے بھی کوئی واضح لائحہ عمل نہیں دیا جاسکا جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ چند بڑے ایکسپورٹرز ہی ری فنڈز ریلیف پیکیج سے فائدہ اٹھا سکیں گے جبکہ چھوٹے صنعتی یونٹس کے مالکان کو انکا حق نہیں ملے گا ، اس حوالے سے سابق صدر چیمبر آف کامرس سید ضیا علمدار کہتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان صنعتکاروں کو قرضوں کی ادائیگی کے حوالے سے ریلیف دیں جبکہ سابق صدر چیمبر آف کامرس رضوان اشرف کہتے ہیں موجودہ ملکی صورت حال میں انڈسٹری کی بحالی کے لئے حکومت ایکسپورٹرز کے قرضوں پر شرح سود میں کمی لائے یا پھر آئندہ تین ماہ قرضوں پر پڑنے والا شرح سود معاف کردے ۔