میڈیکل سٹاف شہریوں کی صحت کے لئے دن رات کوشاں ،آشفہ ریاض فتیانہ تمام دیہی مراکز صحت پرقرنطینہ سنٹر اورآئسولیشن وارڈز قائم کر دئیے ،آمنہ منیر ٹوبہ ٹیک سنگھ،رجانہ: صوبائی وزیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ نے ڈپٹی کمشنر آمنہ منیر کے ہمراہ رجانہ اور چٹیانہ کے دیہی مراکز صحت کا دورہ کیا اور ان مراکز صحت میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی طرف سے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیااور فراہم کی جانیوالی ادویات کے متعلق معلومات حاصل کیں، صوبائی وزیر نے مراکز صحت کے عملہ اور ڈاکٹرز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا مشکل کی اس گھڑی میں ہمارے ملک کا میڈیکل سٹاف اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر شہریوں کی صحت کیلئے دن رات کوشاں ہے جو انتہائی قابل تحسین ہے یہ لوگ ہمارے قومی ہیروز ہیں پوری قوم ان کو سلام پیش کرتی ہے ،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ،تحصیل ہیڈ کوارٹرز سمیت تمام دیہی مراکز صحت پرقرنطینہ سنٹر اور آئسولیشن وارڈز قائم کر دئیے گئے ہیں جس جگہ پر متاثرہ مریضوں کو رکھنے کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں اس موقع پر صوبائی وزیر نے بتایا عام شہریوں کے ساتھ ساتھ زائرین کی سکریننگ کا عمل بھی جاری ہے ،اﷲ کا شکر ہے کہ ہمارے ضلع میں ابھی تک صورت حال تسلی بخش ہے ۔