لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں نیب کی جانب سے ضمانت منسوخی کی درخواست پر مریم نوازسے سات اپریل تک جواب طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازکی ضمانت منسوخی کیلئے نیب کی درخواست پرسماعت ہوئی ، جسٹس سرفرازڈوگرکی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ اسپیشل نیب پراسیکیوٹر فیصل بخاری نے دلاٸل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے ضمانت کا ناجاٸز استعمال کیا ، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کس طرح انہوں نے غلط استعمال کیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ مریم نواز نے تحقیقات میں تعاون نہیں کیا، مخصوص دستاویزمانگی مگر انہوں نے فراہم نہیں کیں ، عدالت نے استفسار کیا کیامریم نوازپیش نہیں ہورہیں ، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا یہی تو ہمارا کیس ہے، جب انھیں بلایاتوہجوم لےکر آ گئیں اور نیب آفس پر پتھراؤکیا گیا۔ عدالت نے کہا جس ڈپٹی پراسیکیوٹر نے درخواست دائرکی ان کو خود دلائل دینے چاہئیں، نیب پراسیکیوٹر فیصل بخاری کا کہنا تھا کہ میں خود اس کیس میں دلائل دے سکتا ہوں، جس پر عدالت نے کہا جس ڈپٹی پراسیکیوٹر نے درخواست فائل کی وہ دلائل دیں ، اگست2020 وہ پیش نہیں ہوئیں تو آپ نے کیا کیا، آپ کو اتنے عرصے تک خیال نہیں آیا ضمانت منسوخی کا ، آپ اتنے ماہ کیوں چپ کر کے بیٹھے رہے۔ نیب پراسیکیوٹر کاکہنا تھا کہ اپوزیشن جلسے ،سینیٹ الیکشن تھا اس لئےضمانت منسوخی دائرنہیں کی ، پہلے دائرکرتے تو الزام لگتا جلسے کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے۔ بعد ازاں عدالت نے سماعت 7 اپریل تک ملتوی کرتے ہوٸے مریم نواز سے جواب طلب کرلیا۔