شوبز سے کنارہ کشی کرکے دین کی راہ پرچلنے والی رابی پیرزادہ نے ہمہ جہت شخصت طارق عزیز کے انتقال پر رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں لگتا تھا میں شوبز میں نہیں رہ سکتی۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپررابی نے بتایا کہ لاہور کے علاقے گارڈن ٹاؤن والا گھر چھوڑنے کے بعد سے ان کی طارق عزیز سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی۔ https://twitter.com/Rabipirzada/status/1273181144943640576 رابی نےشوبز چھوڑنے کے بعد کبھی طارق عزیز کااحوال نہ پوچھنے پرافسوس کااظہار کرتے ہوئے لکھا ” کاش میں طارق انکل کی بیماری میں ان کا حال پوچھنے چلی جاتی۔ اللہ کب کسی کو لے جائے ہمیں پتہ نہیں چلتا۔ اپنے پیاروں کا خیال رکھیں “۔ رابی نے مرحوم کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات کا بتاتے ہوئے مزید لکھا کہ” طارق انکل نے مجھے اپنی زندگی کی بہت سی باتیں بتائیں، لاہور آنا سڑکوں پر سونااور ریڈیو سے ٹی وی تک کا سفر۔ وہ مجھے اکثر کہتے تھے تم شوبز میں نہیں رہ سکتی۔ شاید وہ ٹھیک تھے”۔ ایک اور ٹویٹ میں رابی نے طارق عزیز کو طویل خدمات کے صلے میں صرف حسن کارکردگی ایوارڈ دیے جانے پرافسوس کااظہار کرتے ہوئے لکھا ” کبھی سمجھ نہیں آیا کہ تمغہ امتیاز کامعیار کیا ہے”۔ https://twitter.com/Rabipirzada/status/1273529996091568128 ریڈیو، ٹیلی ویژن ، فلم ، صحافت، ادب اور سیاست کا معروف نام اور پاکستان میں طویل ترین مقبول گیم شو “نیلام گھر” کاآغاز کرنے والے طارق عزیز گزشتہ روز انتقال کرگئے تھے۔ اٹھائیس اپریل 1936 کو جالندھر میں پیدا ہونے والے طارق عزیز کی عمر 84 سال تھی۔ وہ شوگر کے مرض ميں مبتلا تھے ، طبيعت خراب ہونے پراہل خانہ اسپتال منتقل کررہے تھے کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔