تازہ ترین

عالمی تعلقات کے فروغ میں سفارتکاروں کا کلیدی کردار ، گورنر

عالمی-تعلقات-کے-فروغ-میں-سفارتکاروں-کا-کلیدی-کردار-،-گورنر

کامیاب سفارتکاری مشترکہ مفادات کاتحفظ یقینی بنانے میں بھی مددگارہے ،عمران اسماعیل گورنر ہاؤس میں امریکا،جرمنی سمیت16ممالک کے ڈیفنس اتاشیوں،سفارتی عملے کی ملاقات کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ دور جدید میں سفارتخانوں کی اہمیت اور بین الاقوامی تعلقات کے فروغ میں سفارت کاروں کا کلیدی کردار ہوتا ہے ، جبکہ کامیاب سفارت کاری سے ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 16 ممالک کے ڈیفنس اتاشیوں اور سفارتی عملے پر مشتمل وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں امریکا، کینیڈا، چیک ری پبلک ، بنگلہ دیش ، جرمنی، اٹلی، انڈونیشیا ، جاپان، اردن ، ملائیشیا، میانمار، پولینڈ، سعودی عرب، سوڈان، تھائی لینڈ اور مصر کے سفارتکار شامل تھے ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری ، مشترکہ منصوبے اور دو طرفہ تجارت کے فروغ میں بھی سفارت کاری اہم ثابت ہوتی ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان خطے سمیت دیگر ممالک سے اقتصادی تعاون بڑھانے کا خواہش مند ہے کیونکہ پاکستان اور ایشیائی سمیت دیگر ممالک کے مابین اقتصادی تعاون اور باہمی تجارت کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے ، سفارتی وفود کے تبادلوں سے سرمایہ کاری میں بھی نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں معیشت کے ہر شعبے میں ترقی ہورہی ہے ، جغرافیائی اہمیت کے باعث نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے پاکستان کا کردار نہایت اہم رہا ہے ۔ سی پیک سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہورہاہے جبکہ سی پیک منصوبے میں ہمسایہ ممالک کے علاوہ دیگر ممالک بھی سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں