جعلی ادویات کی موجودگی پرکلینک، دکان سربمہر اور اتائی گرفتار کئے جائیں، شان الحق ملتان : کمشنر ملتان ڈویژن شان الحق نے ہدایت کی ہے کہ ڈویژن بھر میں عطائیوں کے خلاف کارروائی میں تیزی لائی جائے اور جعلی ادویات کی موجودگی پرکلینک، دکان سربمہر اور اتائی گرفتار کئے جائیں۔ انسانی صحت سے کھیلنے والوں کو حوالات کی سیر کروائی جائے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اتائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر شان الحق نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال سے کھیلنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کیلئے انتظامیہ اور پولیس کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ایسے لوگ کسی ہمدردی کے مستحق نہیں ہیں،عوام کی جان و مال سے کھیلنے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں، کمشنر نے ڈویژن بھر میں ڈرگ انسپکٹرز کی خالی اسامیوں پر تعیناتی بارے لکھنے کی ہدایت کی،انہوں نے کہا کہ سلمنگ سنٹرز اور جم وغیرہ میں موجود مضر صحت ادویات پر ایکشن لیاجائے ، رنگ گورا کرنے والی مضر صحت کریموں، لوشن اور سٹیرائیڈز پر کارروائی کی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ کوالٹی بورڈ کا اجلاس باقاعدگی سے بلایا جائے ۔اس موقع پر کمشنر کو بتایا گیا کہ گزشتہ سال ڈویژن میں 6968 چھاپے مارے گئے ،1653 ادویات کے سیمپل چیک کئے گئے جبکہ 366 میڈیکل سٹورز سربمہر بھی کئے گئے ہیں۔ڈویژن میں 676اتائیوں کیخلاف کریک ڈاؤ ن بھی کیاگیا جبکہ 25بیوٹی کریموں کو ٹیسٹنگ کیلئے بھجوایا جاچکا ہے