کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے اسلامی تحریک کے رہنما علامہ حسن ترابی قتل کیس کے 3 مجرموں کی سزائے موت کیخلاف اپیل منظور کرلی جبکہ 3کی اپیل مسترد کردی۔ جسٹس کے کے آغا اور جسٹس ذوالفقار علی سانگی پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو اسلامی تحریک کے رہنما علامہ حسن ترابی قتل کیس کے مجرموں کی سزائے موت کیخلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے محمد امین، سلطان محمود اور محمد رحیم کی اپیل مسترد کردی جبکہ محمد اکبر، محمد اشرف اور رحیم اللہ کی اپیل منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ پولیس کے مطابق اے ٹی سی نے محمد امین، سلطان محمود اور محمد رحیم کو سزائے موت سنائی تھی۔ ٹرائل کورٹ نے رحیم اللہ سمیت 3 ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ مجرموں نے 2006 میں علامہ حسن ترابی اور ان کے بھانجے کو بم بلاسٹ کر کے قتل کیا تھا۔