ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ہونے والے تینوں ملزمان کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے ڈاکٹر عمران فاروق کیس کا مختصر فیصلہ سنایا۔ ملزمان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگائی گئی اور جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ آپ تینوں کے خلاف استغاثہ کیس ثابت کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ عدالت نے ڈاکٹر عمران فاروق کے ورثا کو 10،10 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران فاروق قتل کیس میں بانی ایم کیو ایم اور افتخار حسین کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت نے کیس میں اشتہاری ملزمان محمد انور اور کاشف کامران کے بھی دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 21 مئی کو ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔