پولیس اہلکار عوام میں کمیونٹی پولیسنگ کی افادیت کو اجاگر کررہے ہیں :وسیم احمد خان ملتان : ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان نے کہا ہے کہ عوام اور پولیس کے مابین اعتماد سازی اور رابطے موثر کرکے جرائم میں واضح کمی لائی جاسکتی ہے ۔کمیونٹی پولیسنگ پالیسی کے تحت پولیس شہریوں سے براہ راست رابطے استوار کرکے معاشرے میں پائی جانیوالی برائیوں کی نشاندہی یقینی بنارہی ہے ۔آر پی او نے کہا کہ معاشرے کا ہر فرد خود کو پولیس کا مددگار سمجھتے ہوئے اپنے اردگرد جرائم پر نظر رکھے اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے محکمہ پولیس کی معاونت کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ملتان ریجن میں تھانوں کی سطح پر پولیس اہلکار اپنے علاقے میں قائم تعلیمی اداروں،دفاتر اور عوامی مقامات پر جاکر عوام میں کمیونٹی پولیسنگ کی افادیت کو اجاگر کررہے ہیں جس سے پولیس کا نچلی سطح پر مثبت امیج بننے کے ساتھ انفارمیشن سسٹم بھی قائم ہورہا ہے ۔ وسیم احمد خان نے کہا کہ ایس ایچ اوز سمیت پولیس افسران کو عوامی مقامات پر وزٹ کرکے لوگوں کے مسائل سننے اور انکے حل کیلئے اقدامات کرنے کا بھی پابند کیا گیا ہے تاکہ عوام میں یہ احساس پیدا ہو کہ پولیس انکی مدد کیلئے ہے ۔