سردار مسعود کا کنٹرول روم کا دورہ ،کورونا وائرس کے پھیلائو،اقدامات پر بریفنگ لی مظفر آباد : آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے جمعہ کو کورونا وائرس انفارمیشن ٹیکنالوجی کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں اُنہیں آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حکومتی اقدامات اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام جتنا زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے اتنا جلدی ہم اس وبا سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے ، قبل ازیں صدر آزاد کشمیر کو بریفنگ دیتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ٹیوٹا اور بہبود آبادی کے وزیر ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر ، سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی مدحت شہزاد اور ڈی جی آئی ٹی ڈاکٹر خالد رفیق نے بتایا کہ اب تک آزاد کشمیر میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی کل تعداد 34 ہے ،ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر نے کہا کہ اس وقت ہمارے ڈاکٹر ، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں جن کی حکومت کی سطح پر حوصلہ افزائی اور عوام کی ہر سطح پر ستائش کی ضرور ت ہے ،اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال بھی موجود تھے ۔