ملتان : تحریک انصاف کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی ملک واصف مظہر راں نے کہا ہے کہ الیکشن 2018ء میں عوام کی جانب سے مسترد ہونے والے عناصر آج مولانا فضل الرحمان کے کنٹینر پر نظر آرہے ہیں۔ یہ شکست خوردہ عناصر دہائیوں پر محیط عرصہ اقتدار میں رہنے کے باوجود عوام کے لئے کچھ نہیں کرپائے لیکن اپنے خاندانوں کی خوشحالی کے لئے تمام حربے اختیار کرتے رہے ہیں اور آج پھر مولانا کے احتجاجی کنٹینر پر کھڑے ہوکر عوام کو گمراہ کرنے کی لا حاصل کوشش میں مصروف ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے عمران خان و تحریک انصاف کو پانچ سال کے لئے مینڈیٹ دیا ہے ۔امید ہے حکومت کی مثبت پالیسیوں سے بہت جلد مستقل بنیادوں پر عوام کو ریلیف ملے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ مہنگائی سے انکار ممکن نہیں لیکن اس کی وجوہات کیا ہیں عوام بہترجانتےہیں ۔آج حکومتی اقدام سے بجٹ خسارہ کم ہوا ۔ 2020ء تک یہ خسارہ صفر ہونے کا امکان ہے جس سے ملک خوشحالی کی جانب گامزن ہوجائے گا۔