کراچی: شہر قائد میں عوام کے لیے سخت لاک ڈاؤن ہے، ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے لیکن اسٹریٹ کرمنلز آزاد گھوم پھر کر وارداتیں کر رہے ہیں۔ سخت لاک ڈاؤن اور ڈبل سواری پر پابندی کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں میں آزادانہ وارداتیں ہو رہی ہیں، عزیز آباد اور بلدیہ میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔ کراچی کے علاقے عزیز آباد میں گزشتہ شام راہ چلتی خواتین طبی عملے سے لوٹ مار کی گئی، جس میں موٹر سائیکل پر سوار ملزمان کو لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ادھر کراچی کے ایک اور علاقے بلدیہ میں بھی 7 افراد موٹر سائیکل چوری کر کے فرار ہو گئے، ڈکیت گروہ گرفتاری سے بچنے کے لیے واردات میں بچوں کا استعمال کرنے لگے ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹر سائیکل لفٹر گروہ کو واضح دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج میں دیکھا گیا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر گروہ کے کارندوں نے کم عمر بچوں کو بھی بٹھا رکھا ہے۔ گزشتہ روز کراچی میں موٹر سائیکل لفٹرز نے سرکاری ادارے واٹر بورڈ کی آنکھ میں بھی دھول جھونک دی تھی، ملزمان چوری کی موٹر سائیکل واٹر بورڈ کے دفتر میں لے جا کر رنگ کرنے کے بہانے کھول رہے تھے، اس دوران موٹر سائیکل کا مالک واٹر بورڈ کے دفتر پہنچ گیا اور ویڈیو بنا لی، پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا جب کہ 2 مفرور ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔