جھنگ: ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹری محمد عرفان نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر محمدطاہر کی ہدایت پرضلع بھر میں شوگر کریشنگ سیزن کے دوران غیر قانونی کنڈوں کا استعمال کرنے والے مالکان کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔اس ضمن میں اسسٹنٹ کمشنر شورکوٹ اور اٹھارہ ہزاری نے گنے کی سپلائی کے حوالے سے غیر قانونی کنڈوں کے خلا ف کا رروائیاں کیں۔قانون کی پاسداری نہ کرنے والے 8 غیر قانونی کنڈے سیل کئے گئے جبکہ متعلقہ تھانوں میں 6 کنڈا مالکان کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے ۔ ڈی اوانڈسٹری نے بریفنگ کے دوران بتایا ڈپٹی کمشنر محمد طاہروٹو کی ہدایت پرگنے کے کاشتکاروں اور کسانوں کو استحصال سے بچانے کیلئے ضلع بھر کی شوگرملز کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ اس ضمن میں غیر قانونی کنڈا جات مالکان اور مڈل مین کے خلاف قانونی دائرہ کاربھی بڑھایا جا رہا ہے ۔ ڈی او انڈسٹری نے مزید بتایا حکومت عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے خاص طور کسانوں کے مفادات کا پوری طرح خیال رکھنے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لارہی ہے ۔ گنے کی خریداری سرکاری ریٹ کے حساب سے ہر صورت ممکن بنائی جا رہی ہے ۔ کسی قسم کی ناجائز کٹوتی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی۔