کراچی: کے الیکٹرک نے مون سون سے قبل اپنی تنصیبات،کھمبوں، پی ایم ٹیز پر لگائی جانے والی غیر قانونی اسٹریٹ لائٹس ،کیبلز اور کنڈوں کے خلاف گرینڈآپریشن شروع کر دیا۔ کے الیکٹرک کے ذرائع کے مطابق حالیہ آپریشن کے دوران گلشن اقبال، ناظم آباد اور نارتھ ناظم آباد کے علاقوں سے 175 سے زائد غیر قانونی کنڈا کنکشنز ہٹا دیے گئے ۔ نیز گلشن 13 اے ، 13 ڈی ، 13 جی ، نارتھ ناظم آباد میں فائیو اسٹار چورنگی اور ناظم آباد کے علاقوں سے 145 غیر قانونی اسٹریٹ لائٹ سوئچز اور منسلک غیر محفوظ تاروں کو ہٹا دیا گیا۔ فردوس کالونی میں سیکیورٹی اداروں کی مدد سے جنریٹرز کے ذریعے چلائے جانے والے غیر قانونی نیٹ ورک کو بھی ختم کردیا گیا۔ مہم کے دوران بجلی کمپنی کے 18 پی ایم ٹیز اور 96 پولز سے متعدد غیر قانونی انٹرنیٹ اور ٹی وی کیبلز کو ہٹا دیا گیا۔ کے الیکٹرک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ خطرناک و غیر قانونی اسٹریٹ لائٹ سوئچز، غیر قانونی کنڈا کنکشنز، انٹرنیٹ اور ٹی وی کیبلز کرنٹ لگنے کے المناک واقعات کا سبب بنتے ہیں۔ بجلی کمپنی نے تمام شہری حکام اور متعلقہ محکموں سے بھی اس طرح کی غیر قانونی کارروائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی اپیل کی اور کہا کہ ادارہ اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ کراچی کے شہریوں کو محفوظ اور بہتر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔