ملازمین نے کورونا وائرس کے خوف سے ریڈنگ ہی نہیں کی ، دفاتر میں بیٹھ کر بل بھیجنے پرشہری پھٹ پڑے ، لاک ڈائون جاری رہا تو رواں ماہ بھی ایسے ہی بل بھیجیں گے :فیسکو ترجمان شیخ طاہر فیصل آباد: فیسکو کی پھرتیاں ، ریڈنگ کے بغیر ہی شہریوں کو بجلی کے بل بھیجنے کا انکشاف ، ملازمین نے کورونا وائرس کے خوف سے ریڈنگ ہی نہیں کی ، دفاتر میں بیٹھ کر ہی بل بھیجنے پرشہری فیسکو انتظامیہ پر پھٹ پڑے ۔ لاک ڈائون جاری رہا تو رواں ماہ بھی ایسے ہی بل بھیجیں گے ، فیسکو ترجمان۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں کورونا وائرس کے خوف سے فیسکو ملازمین کا ریڈنگ نہ کرنے کا انکشاف سامنے آگیا جبکہ فیسکو انتظامیہ نے بجلی کے بلز مارچ 2019 کے یونٹوں کے مطابق بھیج دئیے ہیں جن کو دیکھ کر صارفین حیران ہیں ۔ ذرائع کے مطابق فیسکو ملازمین کی جانب سے کورورنا وائرس کو بہانہ بنا کر ریڈنگ ہی نہیں کی گئی جبکہ شہریوں کا کہنا ہے بجلی کے بلز کی ریڈنگ کی نہیں گئی ، دفاتر میں بیٹھ کر یونٹ ڈال دئیے ہیں ، فیسکو کا اقدام انتہائی احمقانہ ہے کیونکہ بجلی کے میٹر گھروں کے باہر ہیں اور ایسے میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہے جبکہ گزشتہ سال مارچ میں موسم انتہائی گرم تھا اور اس سال موسم قدرے بہتر ہونے کی وجہ سے بجلی کم استعمال ہوئی ہے۔ شہریوں نے کہا کہ لاک ڈائون کے باعث بیروزگاری پہلے ہی پھیلی ہوئی ہے لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ بجلی کے بل معاف کردے تاکہ پریشان حال عوام کو ریلیف مل سکے، اس حوالے سے ترجمان فیسکو شیخ طاہر کہتے ہیں کورونا وائرس کے باعث ہر طرف خوف کی فضا ہے اور ریڈنگ پر تعینات ٹیموں نے تحفظات کا اظہار کیا تھا جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں گزشتہ سال کی طرح بل بھیجے گئے ہیں اور اگر لاک ڈائون جاری رہا تو رواں ماہ بھی ایسے ہی بل بھیجے جائینگے ۔