انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اس جانبداری اور متعصبانہ اقدام کا نوٹس لیں حکومت پاکستان بھی کردار اداکرے ،ہم کشمیر کی آواز بنیں گے ،حافظ نعیم کراچی: جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے انڈین لابی کے ایما پرفیس بک کی انتظامیہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر آواز اٹھانے اور مظلوم و نہتے کشمیریوں کی حمایت کرنے پر جماعت اسلامی کراچی کے آفیشل پیچ بند کرنے پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظلوم اور نہتے کشمیریوں کی آواز اور جدوجہد آزادی کو کسی صورت دبا یا نہیں جاسکتا، ہم مظلوم کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع فیس بک پر جماعت اسلامی کراچی کے آفیشل پیج بند کرنا ایک بہت بڑی سازش ہے ،انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں انڈین لابی اور فیس بک انتظامیہ کی اس جانبداری اور متعصبانہ اقدام کا نوٹس لیں،حکومت پاکستان بھی اس کے خلاف اپنا کردار اداکرے ،ہم کشمیر کی آواز بنیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر کشمیریوں کی حمایت کرنے کی پاداش میں جماعت اسلامی کے آفیشل پیچ اور سیکڑوں اکاؤنٹس کی بندش کے خلاف نیو ایم اے جناح روڈ پراحتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے سے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور جماعت اسلامی سوشل میڈیا کے انچارج سلمان شیخ نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرے میں جماعت اسلامی کے مرد وخواتین کارکنان نے شرکت کی اور فیس بک انتظامیہ کی کھلم کھلا جانبداری اوربھارت نوازی کے خلاف اور مظلوم ونہتے کشمیریوں کے سے اظہاریکجہتی کے لیے پُر جوش نعرے بھی لگائے ۔