فیصل آباد میں سمانہ پل کے قریب فیکٹری کا بوائلر پھٹ گیا، بوائلر پھٹنے سے فیکٹری کی چھت گر گئی، 3 مزدور جاں بحق، 12 زخمی جبکہ 3 کی حالت تشویشناک ہے۔ ریسکیو ذرائع فیصل آباد : فیصل آباد میں سمانہ پل کے قریب فیکٹری کا بوائلر پھٹ گیا، بوائلر پھٹنے سے فیکٹری کی چھت گر گئی، 3 مزدور جاں بحق، 12 زخمی جبکہ 3 کی حالت تشویشناک ہے۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ایک انتہائی افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں فیکٹری کی چھت گر گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق فیکٹری کی چھت بوائلر پھٹنے کے باعث گری ہے۔ریسکیو ذارائع نے بتایا ہے کہ فیکٹری کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 3 مزدور جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ 12 مزدوروں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے 12 افراد میں سے 3 کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ علاوہ ازیں فیکٹریوں میں پیش آنے والے حادثات تو معمول کا حصہ ہیں تاہم ان سے نمٹنے کے لیے ساز و سامان کا قال ہے۔گزشتہ کل حساس ادارے نے سرگودھا خوشاب‘ میانوالی اور بھکر میں قائم اکثر سرکاری و غیر سرکاری دفاتر،نجی فیکٹریوں میں آگ بجھانے والے آلات کی عدم دستیابی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر اٹھائے گئے ناقص اقدامات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو گزشتہ روز بھجوائی جانیوالی رپورٹ میں آگاہ کیا تھا کہ حالیہ واقعات اور حکومت کی طرف سے بار بار ہدایات کے باوجود محکمہ اریگیشن، بلدیاتی ادارے، سرکاری و نجی ہسپتالوں، ماحولیات، بلڈنگ، سمیت دیگر تمام دفاتر اور اکثر چھوٹی بڑی فیکٹریوں میں کسی بھی ہنگامی صورت حال خصوصاً آتشزدگی کے واقعات کے دوران آگ بجھانے کے لیے پانی کے ٹینک، ریت، بالٹیاں اور دیگر بنیادی سامان تک فراہم نہیں اور ہنگامی راستوں کی نشاندہی بھی نہیں جس کی وجہ سے ان دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین اور آنے والے سائلین کی جان و مال کو شدید خدشات لا حق ہیں، اس حوالے سے بہتری کی سفارشات ارسال کرتے ہوئے کہا گیا کہ ضلعی حکومتیں فوکل مقرر کر کے تمام محکمہ جات اورنجی اداروں میں آگ بجھانے کے لیے کار آمد اور نئے ضروری آلات کے تخمینے کی رپورٹ ارسال کریں تا کہ ان آلات کی فراہمی اور دیگر حفاظتی اقداما ت اٹھا کر قیمتی جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔