تازہ ترین

فیصل آباد: پولیس کے تمام میگا پراجیکٹس ادھورے

فیصل-آباد:-پولیس-کے-تمام-میگا-پراجیکٹس-ادھورے

سیف سٹی اتھارٹی، ڈولفن فورس کی بلڈنگ، آر پی او، سی پی او ہائوس ،5 تھانوں کی عمارتیں 2019میں بھی تعمیرکی منتظر رہیں،دعوئوں کے باوجودحکام منصوبہ مکمل نہ کراسکے :رپورٹ فیصل آباد: 2019 کے دوران فیصل آباد پولیس کا کوئی بھی میگا تعمیراتی پراجیکٹس مکمل ہونے کا ادھورا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا، پولیس کوئی بھی زیر تعمیر عمارت مکمل کرنے میں ناکام رہی، سیف سٹی اتھارٹی، ڈولفن فورس کی بلڈنگ، آر پی او، سی پی او ہائوس اور پانچ تھانوں کی عمارتیں پورا سال تعمیراتی امور مکمل ہونے کی منتظر رہیں، تمام تر دعوئوں کے باوجود پولیس حکام ان عمارتوں کومکمل نہ کرواسکے ۔ تفصیل کے مطابق23 مئی 2017 کو پولیس لائن میں 17 کنال اراضی پر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے تحت سیف سٹی کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا جس پر ابتدائی طور پر15کروڑ 71لاکھ روپے کا تخمینہ لاگت لگایا گیا تھا مذکورہ عمارت کا ڈھانچہ کھڑا کردیا گیا اورایک سال میں 24مئی 2018 تک ڈیڈ لائن کے باوجود عمارت آج تک مکمل نہیں ہوسکی جو 2019 کے دوران وعدوں اور دعوئوں پر ہی کھڑی رہی اسی طرح اکتوبر2017 میں فیصل آباد میں ڈولفن فورس کا آغاز ہونے کے بعد تھانہ غلام محمد آباد کے عقب میں ڈولفن فورس کے ہیڈ کوارٹرز کی تعمیر شروع کی گئی یہ بلڈنگ بھی ایک سال میں مکمل ہونے کے دعوے کئے گئے تھے اور 2019 کے دوران یہ عمارت بھوت بنگلہ بنی رہی جہاں پر تعمیراتی کام دوبارہ شروع تک نہ کروائے جاسکے ،چیف ٹریفک آفیسر دفتر سے ملحقہ تھانہ سول لائن کی عمارت بھی گزشتہ تین سال سے التوا کا شکار ہے جو 2019 کے جون تک مکمل کرنے کے دعوے کئے گئے تھے اور اب تک یہ بلڈنگ جوں کی توں ہی کھڑی ہے ۔ کلب روڈ پر آر پی او ہائوس، سی پی او ہائوس، سرگودھا روڈ پر تھانہ نشاط آباد اور تھانہ کر کی عمارتیں بھی 2019 کے دوران مکمل نہیں ہوسکیں ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس حکام کو چاہیے کہ اس سال میں اپنے دعوئوں کو حقیقت کا روپ دیتے ہوئے مذکورہ تمام عمارتیں مکمل کرلی جائیں تاکہ مسائل کا ازالہ ممکن ہوسکے اس حوالے سے ترجمان ضلعی پولیس انسپکٹر میاں عامر وحید کا موقف ہے کہ گزشتہ سال فنڈز کی کمی کے باعث عمارتوں کی تعمیر ادھوری رہی ہے امید ہے امسال فنڈز جاری ہونگے اور عمارتیں مکمل ہوجائیں گی۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں