تازہ ترین

فیصل آباد، تھانہ گلبرگ کو شہر کے پہلے ماڈل تھانہ کا درجہ دے دیا گیا

فیصل-آباد،-تھانہ-گلبرگ-کو-شہر-کے-پہلے-ماڈل-تھانہ-کا-درجہ-دے-دیا-گیا

فیصل آباد: فیصل آباد کے پولیس تھانہ گلبرگ کو شہر کے پہلے ماڈل تھانہ کا درجہ دے دیا گیا ہے جہاں سائلوں کو عزت و احترام دینے کے علاوہ بغیر کسی سفارش یا حوالہ کے چوبیس گھنٹے اُن کی جائز شکایات کا ازالہ یقینی بنایا جا ئے گا جبکہ مزید تھانوں کو ماڈل تھانے کا درجہ دینے کیلئے بزنس کمیونٹی کو تھانہ گلبرگ کے دورے کی دعوت دے دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ فیصل آباد کی تاجر برادری فوری طور پر دن کے 24گھنٹوں کے دوران مختلف اوقات میں اچانک پولیس تھانہ گلبرگ فیصل آباد کا دورہ کرے اور ماڈل تھانے کی کارکردگی کے بارے میں ایس ایس پی آپریشنز فیصل آبا دپولیس کو آگاہ کیا جائے تاکہ ان کی جائزہ رپورٹ کی روشنی میں مزید تھانوں کو بھی ماڈل تھانوں کا درجہ دینے میں مدد مل سکے۔ ایس ایس پی آپریشنز فیصل آباد سید علی رضا نے ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد میں تاجروں و کاروباری شخصیات سے ملاقات کے دوران کہاک اگر وہ مذکورہ ماڈل تھانے کی کارکردگی سے مطمئن نہ ہوں یا کوئی آراء یا تجاویز دینا چاہیں تو اس کا خوشدلی سے خیر مقدم کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ پولیس کلچر میں تبدیلی پولیس کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے لہٰذا گاڑی کے دونوں پہیوں کو مل کر گاڑی رواں دواں رکھنا ہو گی۔انہوںنے کہا کہ سگنل کی سرخ بتی پررکنے اور ایمبولینس کو راستہ دینے کی تربیت سوسائٹی دیتی ہے جبکہ دوسرے ممالک میں ٹریفک کا ایک مکمل نصاب ہے لیکن اس کے برعکس پاکستان میں دس، بارہ سال کا بچہ چنگ چی چلاتا ہے جسے ٹریفک قوانین تو کجا اُسے صحیح طریقے سے بات کرنے کا بھی پتہ نہیں ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو بھی ٹریفک کی تعلیم دی جا سکتی ہے مگر جو بچے کبھی سکول گئے ہی نہیں ان کو صرف آگاہی دی جا سکتی ہے اور اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر کو بھی ان کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے ۔ایس ایس پی آپریشن جن کے پاس چیف ٹریفک آفیسر کا بھی چارج ہے نے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ان کے مستقل خاتمے کیلئے بھی سماجی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سرکاری عملہ تادیبی کارروائی کرتا ہے تو سوسائٹی منفی رد عمل دیتی ہے لہٰذا جس دن سوسائٹی نے اس حوالے سے مثبت ردعمل دیا یہ تمام مسائل خود بخود حل ہونا شروع ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اندرون شہر ٹریفک کے مسائل کی وجہ سے سڑکوں پر بے تحاشہ پارکنگ ہے اور اس سلسلہ میں ایک پارکنگ پلازے کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے۔ ٹریفک وارڈنز کی طرف سے دوران ڈیوٹی ٹیلی فون سننے کے بارے میں شکایات پر انہوں نے یقین دلایا کہ یہ مسئلہ صرف ایک دو دنوں میں ٹھیک کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر کے صدر تھانوں کی سطح پر مصالحتی کمیٹیوں کیلئے اپنے ممبر نامز د کریں تاکہ ان کا نوٹیفکیشن جاری کیا جا سکے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس کی طرف سے ناکے لگانے کا سلسلہ بند کر دیا گیا ہے اسلئے اگر آپ کو کوئی ایسا ناکہ نظر آئے تو اُن سے ان کی شناخت بارے ضرور پوچھیں ۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں