فیصل آباد : فیصل آبادگولڈ کپ کبڈی ٹورنامنٹ 22نومبر بروز جمعہ کو الفتح سپورٹس کمپلیکس سلیمی چوک ستیانہ روڈ فیصل آباد میں منعقد ہو گا جس میں کبڈی کے نیشنل و انٹر نیشنل کھلاڑی شرکت کریں گے جبکہ اس موقع پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور ، ڈویژنل کمشنر فیصل آباد محمود جاوید بھٹی ، ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد غلام محمود ڈوگر ، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے میاں فرخ حبیب،ممبرقومی اسمبلی فیض اللہ کموکا ، چیئرمین پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آباد و ایم پی اے چوہدری لطیف نذر گجر اور ممبرصوبائی اسمبلی میاں وارث عزیز سمیت دیگر اہم شخصیات بطور مہمان خصوصی و مہمانان اعزاز میگا ایونٹ میں شرکت کریں گی۔فیصل آبا دڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن کے ترجمان نے بتایاکہ گولڈ کپ کبڈی ٹورنا منٹ کا انعقاد پاکستان کبڈی فیڈریشن ، ڈویژنل و ضلعی کبڈی ایسوسی ایشن فیصل آباد کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔انہوںنے بتایاکہ ٹورنا منٹ میں کبڈی کے نیشنل و انٹر نیشنل کھلاڑیوں سمیت بندیشہ کبڈی کلب ، 320ج ب کبڈی کلب ٹوبہ ، شیر پنجاب کبڈی کلب سجاداں ، شاہین کبڈی کلب گھیالہ ، عالم کبڈی کلب گڈیا ں ، گیلانی کبڈی کلب 208رب ، اتحاد کبڈی کلب نلے والا اور رندھاوا کبڈی کلب ملاں پور کی ٹیمیں بھی شرکت کریں گی ۔انہوںنے بتایاکہ ٹورنامنٹ صبح 10بجے سے شروع ہو کر شام 5بجے تک جاری رہے گا جس کے پوزیشن ہولڈرز کیلئے پہلا انعام 60ہزار روپے نقد، دوسر اانعام 40ہزار روپے نقد رکھا گیا ہے جو جیتنے والی اور رنر اپ ٹیم کو دیا جائے گا ۔ انہوںنے بتایاکہ سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیم کو 10ہزار روپے نقد جبکہ کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی ٹیم کو 5ہزار روپے نقد دئیے جائیں گے اسی طرح بہترین ریڈ اور سٹاپر کو خصوصی انعامات سے نوازا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ گولڈ کپ کبڈی ٹورنا منٹ میں شائقین کا داخلہ فری ہو گا۔انہوںنے توقع ظاہر کی کہ کبڈی کے شائقین اور اہم افراد بڑی تعداد میں ایونٹ میں شرکت کر کے ٹورنا منٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں او رکھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا باعث ثابت ہوں گے۔