وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے فوکل پرسن برائے کرونا مقرر کیے گئے شوکت خانم اسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسرڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ فیصل ایدھی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے حوالے سے وزیرِ اعظم سے بات کروں گا۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالات اور خدشے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کو ٹیسٹ سے متعلق رائے دوں گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیرِ اعظم عمران خان ابھی کابینہ اجلاس میں مصروف ہیں ، اس حوالے سے بات کرنے کے لیے ان سے ملاقات کروں گا۔واضح رہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کی کورونا رپورٹ پازیٹیو آگئی ہے، انہوں نے کورونا کا ٹیسٹ 2 روز قبل کرایا تھا، جس کی رپورٹ آج آئی ہے۔ فیصل ایدھی اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔واضح رہے کہ فیصل ایدھی نے 5 روز قبل 15 اپریل کو اسلام آباد میں وزیرِ اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی۔