اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واؤڈا کی سینیٹ انتخابات میں کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست دائر کر دی گئی۔ فیصل واؤڈا نے سینیٹ کا الیکشن تو جیت لیا تاہم آج الیکشن کمیشن میں فیصل واؤڈا کا بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جھوٹے بیان حلفی پر فیصلے تک فیصل واؤڈا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا جائے کیونکہ فیصل واؤڈا صادق اور امین نہیں رہے۔ مسلم لیگ ن کے وکیل جہانگیر جدون نے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرا دی۔ جس میں استدعا کی گئی ہے کہ فیصل واؤڈا کی نااہلی کی درخواست آج ہی سماعت کے لیے مقرر کی جائے کیونکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کہہ چکی ہے کہ فیصل واؤڈا کا حلف نامہ جھوٹا ہے اور فیصل واؤڈا نہ الیکشن کمیشن اور نہ ہی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔