جونہی چھٹیاں ختم ہونگی، یونیورسٹی کھلے گی اور ریگولر شارٹ سمسٹر شروع کئے جائینگے اسلام آباد: قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطا اللہ شاہ نے کہاہے کہ کوروناوائرس کی وجہ سے تعطیلات کے دوران یونیورسٹی اپنے طلبہ کیلئے آن لائن ٹیچنگ اینڈ لرننگ سسٹم کا آغاز کررہی ہے ، اسے مکمل سمسٹر نہ سمجھا جائے ، جونہی چھٹیاں ختم ہوں گی، یونیورسٹی کھلے گی اور طلبا وطالبات کے ریگولر شارٹ سمسٹر شروع کئے جائیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چند سازشی عناصر کی طرف سے آن لائن سسٹم کی افادیت کو ختم کرنے سے متعلق من گھڑت افواہیں پھیلانے کو مسترد کرتے ہوئے کیا،وائس چانسلرنے کہاکہ آن لائن ٹیچنگ اینڈ لرننگ سسٹم کے حوالے سے چند لوگ گمراہ کن مواد طلبہ کے ساتھ شیئر کررہے ہیں،طلبہ ان گمراہ کن باتوں پر کان نہ دھریں۔ بلکہ آن لائن ٹیچنگ اینڈ لرننگ مینجمنٹ سسٹم میں اپ لوڈ ہونے والے ٹیچنگ مواد سے استفادہ کریں، من گھڑت تبصروں کی طرف توجہ مرکوز نہ کریں یونیورسٹی آن لائن سسٹم کے ذریعے سمسٹر نہیں چلارہی بلکہ اس کے ذریعے اپنی لرننگ سسٹم کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنارہی ہے ۔