کراچی : لاڑکانہ میں کتے کے کاٹے سے شدید زخمی 6سالہ حسنین جان کی بازی ہار گیا، وہ کراچی کےاسپتال این آئی سی ایچ میں زیرعلاج تھا ، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ انفیکشن بڑھنےکی وجہ سے حسنین صحتیاب نہ ہوسکا۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں کتے کے کاٹے سے شدید زخمی 6سالہ حسنین انتقال کرگیا ، ڈائریکٹر این آئی سی ایچ کا کہنا ہے حسنین کی میت ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے، حسنین کی متعدد سرجریزبھی کی گئی تھیں لیکن انفیکشن بڑھنےکی وجہ سے حسنین صحتیاب نہ ہوسکا۔خیال رہے 6 سالہ حسنین کراچی کےاسپتال این آئی سی ایچ میں زیر علاج تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے لاڑکانہ کے 6 سال کے حسنین کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہم نے ہر طرح سے کوشش کی کہ بچے کی جان بچائی جائے ، اللہ پاک والدین کو صبرعطا فرمائے۔یاد رہے کہ گذشتہ ماہ پیپلز پارٹی کے آبائی شہر لاڑکانہ میں سگ گزیدگی کا ہولناک واقعہ پیش آیا تھا جب 6 سالہ حسنین پر کئی آوارہ کتوں نے حملہ کیا اور اس کے چہرے کو بھنبھوڑ ڈالا تھا۔ بچے کو لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل اسپتال لے جایا گیا تاہم ڈاکٹرز نے اس کی حالت دیکھ کر ہاتھ کھڑے کردیے اور صرف طبی امداد دے کر فارغ کردیا، بچے کو کراچی لایا گیا، جہاں کئی دقتوں کے بعد نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ) میں داخل کرکے علاج شروع کیا گیا۔ حسنین کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے، 10 رکنی میڈیکل بورڈ نے طبی معائنہ کیا، حسنین کی حالت سنبھلنے لگی تھی اور ڈاکٹروں نے چھ سالہ حسنین کو وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا ہے، اور نالی کے ذریعے خوراک دی جانے لگی تھی۔ ترجمان حکومت سندھ کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو بچے کو بیرون ملک بھی علاج کے لیے سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔