ملتان: کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن کے باعث دینی مدارس کو مالی مشکلات کا سامنا، حکومت نے دینی مدارس کو سود فری قرضے دینے جبکہ عملہ مساجد کو احساس پروگرام کے تحت مالی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے ، قرضوں کے حصول کے لئے مدارس کو سرکاری رجسٹریشن ظاہر کرنا ہو گی۔ ماتحت افسران کو عملدرآمد کے لئے مراسلہ جاری کر دیا گیا۔ منصوبے پر جلد عملدرآمد کے لئے وزارت مذہبی امور اور وزارت خزانہ کو ٹاسک دے دیا گیا ہے جس کے تحت مذکورہ و زارتوں کی جانب سے دینی مدارس کو کورونا وائرس کے سبب ہونے والے نقصان کا جائزہ لے کر ایک ماہ میں رپورٹ پیش کی جائے گی۔ علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے یہ بھی ہدایات کی گئی ہیں کہ عملہ مساجد کو میرٹ کی بنیاد پر احساس پروگرام میں شامل کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ واضح رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں کورونا وبا کے پیش نظر جہاں دیگر شعبے معاشی طور پر متاثر ہوئے ہیں وہیں مدارس کا نظام بھی متاثر ہوا ہے ، مدار س کو مختلف مدات میں ملنے والی مالی اعانت میں واضح کمی کا سامنا ہے ۔ دوسری جانب مدارس میں چھٹیوں کے باوجود مدارس کے اساتذہ کو تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کے لئے مالی اعانت کی ضرورت ہے جس کے پیش نظر حکومت نے مدارس کو سود فری قرضے جبکہ عملہ مساجد کو احساس پروگرام کے تحت مالی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔