ملتان : کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے سے متعلق مشاورتی اجلاس وزیرتوانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک کی صدارت میں سرکٹ ہاوس میں انتظامیہ اور منتخب ممبران اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے سنٹرز پر نظام مزید بہتر بنانےاور لاک ڈاون پر سختی سے عملدر آمد کرانے کے لئے حکمت عملی تیارکی گئی۔وزیر توانائی پنجاب نے کہا کہ کورونا وائرس ایک سنجیدہ ایشو ہے لیکن شہری اسے اہمیت نہیں دے رہے، نشتر ہسپتال کے ڈاکٹرز کا کورونا وائرس کا شکار ہونا انتہائی افسوسناک ہے،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے 850 اراکین کو کورنٹائن کیا گیا ہےان کےٹیسٹ رزلٹ کا انتظار ہے۔ زین قریشی نے کہا کہ مزیداحساس سنٹر کھولنے کی ضرورت ہے۔چیف وہپ ملک عامر ڈوگرنے کہا کہ سیوریج کا پانی جمع ہے واسا مسائل حل کرنے میں ناکام ہے۔ایم این اے ملک احمد حسن دیہڑ نے کہا کہ ملتان قرنطینہ پر پورے ملک کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ایم پی اے ظہیر الدین علیزئی نے کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی امداد ایزی پیسہ کے ذریعے ادا کی جائے۔ایم پی اے قاسم خان لنگاہ نے کہا کہ مٹوٹلی میں احساس کفالت مرکز قائم کیا جائے۔ایم پی اے واصف مظہر راں نے کہا کہ قادر پور راں اور لوٹھڑ میں صفائی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں۔ایم پی اے سلیم اختر لابر نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے نقصانات کا ازالہ جلد کیا جائے۔ایم پی اے سبین گل نے کہا کہ غریب تک اس کا حق پہنچانا ایک بہت بڑی نیکی ہے۔مہندر پال سنگھ نے کہا کہ عیسائی برادری کو مثبت پیغام دینے کی ضرورت ہے۔سی پی او زبیر دریشک نے کہا کہ یہ لاک ڈاون نہیں جزوی شٹ ڈاون ہے11 سو گاڑیوں کا چالان کیا گیا ہے۔