لاہور: صوبائی کابینہ کی سفارشات کی روشنی میں مختلف کاروباروں کے اوقات کار میں ترمیم کردی گئی جس کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں بیکریاں اور دودھ دہی کی دکانیں ہفتہ بھر 24 گھنٹے کھلی رہ سکیں گی، چکن اور گوشت کی دکانوں کو ہفتے بھر صبح 9 سے شام 7 بجے تک کھلے رہنے کی اجازت ہوگی۔کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بتایا کہ بیکریوں اور دودھ کی دکانوں سمیت تمام کاروباری جگہوں پر ایس او پیز پر عمل کرنا لازم ہوگا۔ نوٹیفیکیشن کا اطلاق فی الفور ہو گا جو تاحکم ثانی لاگو رہے گا، تمام کاروباری حضرات ذمہ دارانہ رویہ اپنا کر کورونا کا پھیلاو روکنے میں حکومت کی مدد کریں۔ یاد رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے22 ہزار650 ٹیسٹ ہوئے جس دوران 4 ہزار 728 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔اس طرح ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 3 ہزار671 ہوگئی جن میں سے 34 ہزار 355مریضوں نے اس وائرس کو شکست دے دی ہے۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک مرتبہ پھر سب سے زیادہ ہوگئی ہے۔ ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجا ب میں کورونا کے مصدقہ مریض 38 ہزار 903 ہوگئے۔ اسی طرح سندھ میں 38 ہزار 108، خیبر پختونخوا میں 13 ہزار 487، بلوچستان میں 6 ہزار 516، اسلام آباد میں 5 ہزار329، آزاد کشمیر 396 اور گلگت بلتستان میں 932 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 65 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد ملک میں اس وائرس سے لقمہ اجل بننے والے افراد کی تعداد 2067 ہوگئی۔پنجاب میں کورونا کے مریضوں کے تعداد سب سے زیادہ ہونے کے ساتھ ساتھ یہاں اموات بھی سب سے زیادہ ہوئی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 715، سندھ میں 650، خیبر پختون خوا میں 575، بلوچستان میں 54، وفاقی دارالحکومت میں 52، گلگت بلتستان میں 13 جب کہ آزاد کشمیر میں 8 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔