تازہ ترین

لاہور کے علاقے چوبرجی میں رکشہ میں دھماکا، خاتون سمیت 10 افراد زخمی

لاہور-کے-علاقے-چوبرجی-میں-رکشہ-میں-دھماکا،-خاتون-سمیت-10-افراد-زخمی

لاہور: لاہور بڑی تباہی سے بچ گیا، چوبرجی کے قریب رکشے میں دھماکے میں خاتون سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے، پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے دھماکے میں بارودی مواد کے استعمال کی تصدیق کر دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔  ملتان روڈ چوبرجی کوارٹرز کے قریب رکشے میں زور دار دھماکہ ہوا، علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے 10 افراد کو سروسز، جناح، میو اور گنگا رام ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں رکشہ ڈرائیور رمضان، عالم، سلمان، جاوید، اسد، فخر عباس، قاسم رضا، علیم، محمد عظیم اور صدف شامل ہیں۔ سی ٹی ڈی، فرانزک سائنس لیب اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحید کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر لگ رہا تھا کہ دھماکہ رکشے میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا لیکن دھماکہ بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا۔ ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے وقت رکشہ خالی تھا، چند افراد معمولی زخمی ہوئے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے بال بیرنگ اور مشکوک اشیاء ملی ہیں، دھماکے میں 2 سے اڑھائی کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں