تازہ ترین

لینڈ سلائیڈنگ : وزیراعظم عمران خان نے مظفرآباد اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی

لینڈ-سلائیڈنگ-:-وزیراعظم-عمران-خان-نے-مظفرآباد-اسپتال-میں-زخمیوں-کی-عیادت-کی

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان لینڈ سلائیڈنگ اور شدید برف باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے آزاد کشمیر پہنچے، عمران خان نے مظفرآباد میں اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کے بعد اپنی تمام سیاسی مصروفیات ترک کردیں اور آزاد کشمیر پہنچ گئے، وزیر امور کشمیر امین گنڈا پور بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔  عمران خان نے لینڈ سلائیڈنگ اور شدید برف باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعظم کو لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان سے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے بھی ملاقات کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے متاثرین کی امداد کیلئے کی جانے والی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اورمظفرآباد میں اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی، انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے بھی ملاقاتیں کی۔ https://twitter.com/ImranKhanPTI/status/1217064149353713666 یاد رہےکہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے شدید برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ موجودہ صورتحال آزاد جموں و کشمیر میں موت اور تباہی کا پیغام لے کر آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی فوج اور تمام وفاقی وزارتوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔خیال رہے آزادکشمیر اور بلوچستان میں برفباری نے تباہی مچادی ہے، دو روز کے دوران آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 87 ہوگئی ہے ، برف باری سے متاثرہ علاقوں میں آپریشن جاری ہے اور پاک فوج کی ٹیمیں بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ وادی نیلم میں برفانی تودہ گرنے سے62 ہلاکتیں ہوئی جبکہ 56مکان تباہ ہوگئے، ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ متاثرین کو کمبل،خوراک پہنچادی گئی،اسپتالوں اور اسکولوں میں عارضی شیلٹرفراہم کردیاگیا ہے۔دوسری جانب کے ٹو بیس کیمپ میں 120 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے برفانی طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں، براوٹ پیک بیس کیمپ میں کوہ پیماؤں کے خیمے طوفان نے اکھاڑ دیے ، برفانی طوفان سے انفرادی خیموں اور کچن ٹینٹ کو نقصان پہنچا، بیس کیمپ میں موجود غیر ملکی کوہ پیماؤں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، غیر ملکی کوہ پیما کے ٹو، براوٹ پیک اور جی ون پر سرمائی مہم جوئی کر رہے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں