پاکستان میں بڑھتے کورونا وائرس کے کیسز کے باعث جہاں کئی شہروں میں لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے وہیں کئی افراد اس وقت اپنے کام کو لےکر بھی پریشان ہیں۔ ایسے میں نامور اداکارہ ماہرہ خان نے مالکان سے ملازمین کو تنخواہ کے ساتھ چھٹی دینے کی درخواست کردی ہے۔ https://twitter.com/TheMahiraKhan/status/1242508385062445061 اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’اگر آپ تعلیم یافتہ ہیں، ایک ماہ بغیر کام کے گزار سکتے ہیں اور کسی طاقتور پوزیشن پر موجود ہیں تو یہ جنگ سب سے زیادہ آپ کی ہے‘۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ’ایسے وقت میں ہمیں ان کا خیال رکھنا چاہیے جو ہماری پوزیشن پر نہیں، انہیں اس حوالے سے آگاہ کریں، انہیں تنخواہ کے ساتھ چھٹی دیں، ان کی زندگی آسان کریں‘۔ خیال رہے کہ ماہرہ خان کورونا وائرس کے حوالے سے لوگوں میں آگاہی پھیلانے میں آگے آگے ہیں۔ اس سے قبل اداکارہ نے ایک وڈیو بھی شیئر کی تھی جس میں وہ مداحوں کو سماجی فاصلے کے حوالے سے آگاہی دیتی نظر آئیں تھیں جبکہ انہوں نے ہاتھ دھونے اور صفائی کا خیال رکھنے کا بھی پیغام دیا تھا۔