وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے 200ملین ڈالر کی سپورٹ پاکستان اور یو اے ای کے معاشی تعلقات کا واضح ثبوت ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں ولی عہد کا دوسرا دورہ دونوں ممالک کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات اور وزیراعظم عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ https://twitter.com/Dr_FirdousPTI/status/1212957923028148226 انہوں نے کہا کہ نئے سال کے آغاز پر متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد زید بن النہیان کا دورہ پاکستان دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی اور خطے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا آئینہ دار ہے۔فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، امارات کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کے دورے کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ولی عہد کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں 150 روز سے جاری سنگین صورتحال سے آگاہ کیا، بھارتی متنازع شہریت قانون اور این آر سی پر روشنی ڈالی۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ دونوں رہنماؤں کے مابین امت مسلمہ کے کاز اور مفادات کو تقویت دینے پر گفتگو کے بعد دونوں قائدین نے دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔