ملتان : ریجنل پولیس پولیس آفیسر وسیم احمد خان نے گزشتہ روز ٹریننگ کالج میں جدید روٹی پلانٹ اور ترقیاتی سکیموں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔پولیس ٹریننگ کالج کے دورے کے موقع پر انہو ں نے جدید ٹیکنالوجی کے حامل روٹی پلانٹ کے منصوبے کا افتتاح کیا، آر پی او نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کو مثالی بنانے کیلئے ٹریننگ کے مراحل میں جوانوں کی کردار سازی ناگزیر ہے ۔ دوران تربیت رنگروٹس کو قیام و طعام کی بہترین سہولیات کی فراہمی کرنا مشن ہے ۔وسیم احمد خان کا کہنا تھا کہ جدید روٹی پلانٹ کے ذریعے ایک گھنٹے میں دو ہزار سے زائد روٹیاں آٹومیٹک تیار ہونگی جس سے افرادی وسائل بھی کم استعمال ہونگے اور ہیپاٹائٹس سمیت دیگر بیماریوں کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔ زیر تربیت جوانوں کو جدید تفتیشی تقاضوں کے تحت قانون کی تعلیم دی جارہی ہے تاکہ محکمے سے کرپشن کے خاتمے کے ساتھ فیلڈ میں انکی کارکردگی بھی بہتر بنائی جاسکے ۔ آر پی او نے کہا کہ پولیس ٹریننگ کالج میں جسمانی کے ساتھ اخلاقی تربیت پر بھی توجہ دی جارہی ہے لاک ڈاؤن کے بعد پولیس کالج میں نئے کورسز کا انعقاد بھی کیا جائے گا ۔ دریں اثنا سٹی پولیس آفیسر ملتان محمد حسن رضا خان نے قرنطینہ سینٹر ویلفیئر کمپلیکس انڈسٹریل اسٹیٹ میں جوانوں کے ساتھ افطاری کی۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملتان ربنواز تلہ، ایس پی ہیڈ کوارٹر سجاد حسین، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد اقبال لاشاری اور ڈی ایس پی سرکل حرم گیٹ ان کے ہمراہ تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی ویلفیئر اور صحت سے متعلق ہر طرح کا خیال رکھا جائے گا۔ سی پی او ملتان نے جوانوں کو ہدایت کی کہ قرنطینہ افراد کی سکیورٹی اور مکمل تعاون کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔