ڈویژن بھر میں 30ارب کی 80ممکنہ بے نامی جائیداد کی نشاندہی ،سمندر پار پاکستانیوں کی 716موصول شکایات سے 527حل کی جاچکی 92کورٹ کیسز ہیں،کمشنر کو اجلاس میں بریفنگ ملتان: محکمہ مال نے ملتان ڈویژن کے 2246 موضع جات کو آن لائن کر دیا، ڈویژن بھر میں 30 ارب کی 80 ممکنہ بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی، رواں ماہ سمندر پار پاکستانیوں کی 716موصول شکایات سے 527 حل کی جاچکی ہیں جبکہ 92 کورٹ کیسز ہیں،محکمہ مال کو پرائم منسٹر پورٹل پر رواں ماہ موصول شدہ 688 شکایات میں 576حل کی گئیں۔ 4205 ایکڑ سرکاری زمین بھی واگزار کروالی گئی جبکہ اس ماہ 7927 رجسٹریاں کی گئیں۔ گزشتہ روز کمشنر ملتان ڈویژن شان الحق نے متعلقہ اضلاع کی ریونیو کارکردگی بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر انہوں نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لینڈ ریونیو سمیت تمام سرکای واجبات کی فوری ریکوری کی جائے ۔انسداد تجاوزات کارروائیاں تیز کر کے سرکاری اراضی واگزار کروائی جائے ۔ڈویژن میں تحصیلداروں کی خالی پوسٹوں پر تعیناتی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو افسران مواضعات کو فوری آن لائن کرکے لینڈ ریکارڈ سنٹرز پر ریکارڈ اپ لوڈ کریں۔ ملتان ڈویژن میں کرپشن برداشت نہیں کروں گا اور کرپٹ مافیا کو عبرت کا نشان بنادوں گا۔اسسٹنٹ کمشنرز پٹواریوں کا ریکارڈ جمع کروائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریونیو سٹاف ریکارڈ کی درستگی بارے آفس ٹائم کے بعد بھی کام کرے ۔ اوور سیز پاکستانیوں کے مقدمات سمیت دیگرجوڈیشل کیسز کی مکمل پیروی کی جائے ۔ڈپٹی کمشنرز ریونیو کے کیسز حل کرنے کیلئے باقاعدگی سے عدالتیں لگائیں۔ عدالتوں میں کیسز کے جلد حل کے ساتھ انصاف کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔ عوام کیلئے فرد ملکیت اور وراثت کے حصول کا عمل سہل بنایا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریونیو معاملات کو بہترین انداز سے چلانا افسران کا اصل کام ہے ۔انتظامی معاملات میں الجھ کر ریونیو معاملات کو نظر انداز نہ کریں۔ ریونیو معاملات بارے ڈویژن بھر کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو جوابدہ ہونگے ۔کمشنر شان الحق نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز ونڈوں کی فیلڈ میں جاکر ازخود ویریفکیشن کریں۔