موجودہ حکومت انڈسٹری کو تباہی سے نکالنے میں سنجیدہ نہیں ،اجتماع سے خطاب پینسرہ : مالکان نے غیر قانونی و غیر آئینی طور پر مزدوروں کو فیکٹریوں سے نکالنے کا جو سلسلہ شروع کر رکھا ہے یہ معاشی امن تباہ کرنے کی ایک سازش ہے مزدوروں کا معاشی قتل ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا انتظامیہ اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کی ملی بھگت کے بعد مقامی پولیس بھی مالکان سے مل چکی ہے جس سے عدالتی احکامات وصول کرنے سے انکار کر کے توہین عدالت کے ساتھ ساتھ مزدور دشنی کا ثبوت دیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار مزدور رہنما بابا لطیف انصاری نے مرکزی دفتر سدھار سیکٹر میں فیکٹری صدورکے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر شیخ نثار احمد،خالد نذیر بھولا ،اشفاق انصاری،ملک ممتاز،رانا ریاض ،رانا فخر،اکبر کمبوہ و دیگر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت انڈسٹری کو تباہی سے نکالنے میں سنجیدہ نہیں ہے آئے روز بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے سے ٹیکسٹائل انڈسٹریز تباہ ہو رہی ہیں جبکہ سوتر کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے مزید حالات خراب ہونگے ۔ انہوں نے کہا اگر موجودہ حکومت کی آنکھیں نہ کھلیں تو لاکھوں مزدور حکومت کے خاتمے کیلئے سڑکوں پر ہونگے ۔