دیہی علاقوں میں بھی صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے منصوبہ بندی کی جارہی :ڈپٹی کمشنر،یوسی کی سطح پر صفائی عملہ بھرتی کیاجائیگا:ایم پی ایز وسیم بادوزئی ، واصف راں، قا سم لنگا ہ ملتان: اولیاؤں کی سر زمین ملتان کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے کے لیے اہم قدم، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے تھرڈ پارٹی کے ذریعے بھرتی کئے گئے 300 سینٹری ورکرز کی فورس فیلڈ میں اتار دی۔ ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے سینٹری ورکرز سے خصوصی خطاب کیا۔ اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی بیرسٹر وسیم خان بادوزئی، سلیم لابر، ملک واصف راں قاسم خان لنگاہ اور ایم ڈی سا لڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ناصر شہزاد ڈوگر بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے گرین اینڈ کلین پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ پر عزم ہے ۔ میٹرو سٹی بننے کے بعد شہر کے ایریا میں اضافہ ہونے سے ہمیں مزید ورک فورس کی ضرورت ہے ۔ مشینری کی خریداری کا عمل انتہائی شفاف بنایا گیا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ ملتان کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے کے لیے اہم قدم ا ٹھا یا گیا ہے اور سا لڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے تھرڈ پارٹی کے ذریعے بھرتی کئے گئے 300 سینٹری ورکرز کی فورس فیلڈ میں اتار دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں بھی صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ٹینڈرنگ کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی کمیٹی کی تشکیل کے علاوہ ویڈیو ریکارڈنگ کی جارہی ہے ۔نئے سینٹری ورکرز کے آنے سے قاسم بیلہ اور دیگر اربن ایریا میں صفائی کا نظام بہتر ہو گا۔ممبران صو با ئی اسمبلی وسیم خان بادوزئی ، ملک واصف راں، قا سم خا ن لنگا ہ نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی کوششوں سے شہر کی صفائی کا نظام مربوط ہو گیا ہے ۔ ویسٹ کمپنی کو مزید سینٹری ورکرز بھرتی کرنے کی پلاننگ کرنی چاہیے ۔ ٹاؤ ن کمیٹیوں میں صفائی کے نظام کو بھی آؤٹ سورس کرنے کی ضرورت ہے ۔ اب یونین کونسل کی سطح پر صفائی کا سٹاف بھرتی کرنے کے لیے لائحہ تیار کیا جائے گا۔