مظفرگڑھ: ملتان کے بعد مظفرگڑھ میں بھی مصروف ترین شاہراہ پر کم عمر بچے کی گاڑی چلانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے، تاہم اس بار پولیس نے فوری قدم اٹھالیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مظفرگڑھ کی تحصیل چوک سرور شہید شہر میں کم عمر بچہ مصروف ترین شاہراہ پر گاڑی چلارہا ہے، جس کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے، ویڈیو وائرل ہونے پر مقامی پولیس حرکت میں آئی، جس پر ڈی پی او مظفرگڑھ نے فوری احکامات جاری کئے۔ ڈی پی او مظفرگڑھ احسن اقبال کے حکم پر تھانہ سرور شہید پولیس نے فوری کارروائی کی اور کار کے مالک محمد ندیم کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔