ایکسپورٹرز کو ریفنڈ ز کی فوری ادائیگی کے اعلان سے ملکی معیشت کو سہارا ملے گا مشکل کی اِس گھڑی میں پاکستان کی بزنس کمیونٹی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے کراچی: ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد ) کے سابق چیئرمین محمد حنیف گوہر نے کورونا وائرس سے ملکی معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات کے پیشِ نظر وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے تقریباً12 سو ارب روپے کے معاشی پیکیج کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اِس وقت ملکی معیشت شدید مشکلات کا شکار ہے ۔ اور حکومت خود آئی ایم ایف اور دیگر عالمی مالی اداروں کے قرضوں میں ڈوبی ہوئی ہے اور حکومت کو دو سالوں میں 5 ہزارارب روپے کی ادائیگیاں کرنی ہیں ۔ ایسے سخت معاشی حالات میں اِس طرح کا معاشی پیکیج دینا ملک اور عوام دوستی کا ثبوت ہے ۔ حنیف گوہر نے کہا کہ ایکسپورٹرز کو ایک سو ارب روپے کے ریفنڈ ز کی فوری ادائیگی کے اعلان سے ملکی معیشت کو سہارا ملے گا ۔ حنیف گوہر نے بتایا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں عالمی منڈی میں رواں ماہ مارچ میں کم ہونا شروع ہوئی ہیں جس کا اثر پاکستان میں 45 روز بعد ہونا ہے تاہم وزیرِ اعظم عمران خان کے پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں 15 روپے کمی کے اعلان سے حکومتی خزانے پر 50 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا ۔ حنیف گوہر نے وزیرِ اعظم عمران خان ، وفاقی وصوبائی حکومتوں کو یقین دہانی کرائی کہ مشکل کی اِس گھڑی میں پاکستان کی بزنس کمیونٹی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ گھروں تک محدود رہ کر اِس بیماری کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دیں ۔