پولیس سمیت تمام محکموں میں نوکریوں کے خصوصی کوٹے اور مراعات دی جارہی ہیں ملتان: ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان نے کہا ہے کہ معذور افراد کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانے کیلئے حکومت کے ساتھ ہر فرد پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔مہذب قومیں سپیشل پرسنز کو خصوصی مراعات اور سہولیات فراہم کرکے انکی صلاحتیوں سے بھرپور استفادہ کررہی ہیں جبکہ ہماری سوسائٹی میں انکو وہ مقام حاصل کرنے کیلئے بہت محنت کرنی پڑتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم معذوراں کے موقع پر تمام سپیشل پرسنز کو انکی جستجو پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، مقامی سکول میں منعقدہ عالمی یوم معذوراں کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وسیم احمد خان نے کہا معذور افراد ہمارے معاشرے کے وی آئی پی شہری ہیں انکو حقوق کی فراہمی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت منصوبہ بندی کرنا ہوگی تاکہ ان کا احساس محرومی ختم کیا جاسکے ۔ وسیم احمد خان نے کہا کہ سپیشل پرسنز پولیس سمیت تمام محکموں میں نوکریوں کے خصوصی کوٹے اور مراعات فراہم کی جارہی ہیں تاہم نجی سیکٹر میں بھی سپیشل پرسنز کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانے کیلئے ہر فرد پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ اس موقع پر طلبا نے عالمی یوم معذوراں کے سلسلے میں خوبصورت ٹیبلوز بھی پیش کئے ،بعد ازاں تقریب میں آر پی او نے معذور افراد میں تحائف اور شیلڈز اور الیکڑانک وہیل چیئرز تقسیم کیں ۔