امریکی گلوکارہ و اداکارہ چیر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں انکشا ف کیا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کی اس وقت سے بہت بڑی مداح ہیں جب وہ کرکٹ کھیلتے تھے۔ اسلام آباد کے چڑیا گھر سے کاون نامی ہاتھی کی آزادی پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کیا۔ https://twitter.com/cher/status/1267463702761988096 امریکی گلوکارہ نے کہا کہ میں وزیراعظم عمران خان کی مشکور ہوں کہ اُنہوں نے اسلام آباد کے چڑیا گھر سے کاون کو آزاد کروایا۔ میری ہمیشہ سے یہی سوچ تھی کہ عمران خان ایک مہربان انسان اور اچھے اخلاق کے مالک ہیں۔ چیر نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا بھی شکریہ ادا کیا۔ https://twitter.com/fawadchaudhry/status/1267517011535581194 واضح رہے کہ کاون ہاتھی کی آزادی کے لیے مہم امریکی گلوکارہ چیر نے چلائی تھی ۔ 33 سال کے اس ہاتھی کو سری لنکا سے پاکستان لایا گیا تھا اور گزشتہ چار سال سے اس ہاتھی کی آزادی کے لیے امریکی گلوکارہ عدالتی جنگ لڑ رہی تھیں اور اس کی مرغزار چڑیا گھر سے رہائی کے لیے کوشاں تھیں۔ امریکی گلوکارہ نے انٹرنیٹ پر اس ہاتھی کو تنہا، ایک چھوٹے پنجرے میں زنجیروں میں دیکھنے کے بعد یہ مہم شروع کی تھی۔